12 جون ، 2014
کراچی..........سمندری طوفان کے باعث کراچی میں ساحل سمندر پر نہانے پر پابندی لگادی گئی ہے، سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ریڑھی گوٹھ کے گھروں میں 2 فٹ تک پانی داخل ہوگیا ہے۔کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سمندری طوفان نانوک کے باعث سمندر میں نہانے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تا حکم ثانی سمندر میں نہانے پر پابندی عائد رہے گی،متوقع سمندری طوفان کے پیش نظر تمام بلدیاتی اور کنٹونمنٹ اداروں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیاہے۔ شعیب احمد صدیقی نے متعلقہ اداروں کو مزید ہدایت کی ہے کہ جون اور جو لا ئی کے مہینے میں ناصرف کراچی کے شہری بلکہ پورے ملک سے لو گ ساحل سمندر کا بڑی تعداد میں رخ کررہے ہیں لہٰذا پر آنے والوں کیلئے ریسکیو اور تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اور طبی انتظامات کو یقینی بنا ئیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بخو بی نمٹا جا سکے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے مطابق سمندری طوفان نانوک بحیرۂ عرب کے مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور 15جون کو اومان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ طوفان کی رفتار 50 ناٹیکل میل ہے،اس کے اثرات سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں پر پڑیں گے،ان علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ فشرفوک فورم کے رہنما کمال شاہ کے مطابق سمندری سطح بڑھنے کے باعث ، سندھ کے کچھ ساحلی علاقوں گھروں میں 2فٹ تک پانی داخل ہوگیا ہے۔