پاکستان
12 جون ، 2014

سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے قریب سمندر میں طغیانی

سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے قریب سمندر میں طغیانی

کراچی........سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے قریب سمندر میں طغیانی ہے۔ بدین اور ٹھٹھہ میں گہرے سمندر کے اندر مچھلی کے شکار پر گئے ماہی گیر طوفان کی خبر سے لاعلم ہیں۔ بحیرۂ عرب میں طغیانی کے باعث بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں قائم کچی آبادیوں سے اونچی اونچی لہریں ٹکرا رہی ہیں۔ سمندری پانی ساحلی علاقوں سے متصل شہری آبادی میں داخل ہوگیا ہے۔ سمندر میں طغیانی سے متاثرہ علاقوں میں ڈام، سونمیانی، گڈانی شپ بریکنگ یارڈ اور حبکو پاور پروجیکٹ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ انتظامیہ کی ہدایت کے بعد ماہی گیروں نے سمندر سے کشتیاں نکال کر خشکی پر کھڑی کردی ہیں۔ سمندری طغیانی سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان سے ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں کیٹی بندر اور جوہو میں بھی طوفانی ہواؤں نے سمندری لہروں کو غیرمعمولی حد تک بلند کردیا ہے۔ حفاظتی بندوں پر پانی دباؤ ڈال رہا ہے۔ ساحلی پٹی سے منسلک 15دیہات زیرآب آگئے ہیں، سیکڑوں ماہی گیر مچھلی کے شکار پر گئے ہوئے ہیں اور انہیں سمندری طغیانی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں اور نہ ہی ان کی واپسی کے لیے ضلعی انتظامیہ نے کسی قسم کے اقدامات کیے ہیں۔ ضلع بدین میں شیخانی گاڑی، شیخ کیریو، بھانڈاری اور زیرو پوائنٹ سمیت ساحلی پٹی کےمختلف علاقوں میں بھی طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔ 200سے زائد دیہات کے مکین خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں۔

مزید خبریں :