14 جون ، 2014
بدین.....سمندری طوفان نانوک کے باعث ٹھٹھہ کے چالیس سے زائد دیہات زیر آب آچکے ہیں اور لوگوں نے لانچوں میں پناہ لے لی ہے ۔ بدین کے ساحلی علاقوں سے پانی اترنا شروع ہوگیا ہے ۔ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں کے قریب سمندر میں تیسرے روز بھی شدید طغیانی ہے ۔ 40 سے زائد دیہات میں سمندری پانی داخل ہوچکا ہے اور لوگ لانچوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔کچھ مقامات پر حفاظتی بندوں میں پڑنے والے شگاف اپنی مدد آپ کے تحت پُر کیے جارہے ہیں اور انتظامیہ نے مقامی لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔بدین کے ساحلی علاقوں شیخانی گاڑھی،شیخ کیریو اور زیرو پوائنٹ کے قریب سمندر میں مدوجزر میں کمی ہوگئی ہے جس کے بعد زیر آب آنے والے دیہات سے پانی اتر رہاہے۔بلوچستان کےساحلی علاقوں ڈام ،سونمیانی ،گڈانی شہر ، اور گڈانی شپ یارڈ سمیت کئی آبادیاں زیر آب آگئی ہیں۔