17 جون ، 2014
لاہور....پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناءاللہ کاکہناہےکہ طاہر القادری نےا پنی رہائش گاہ پر نجی ملیشیا تعینات کرکے نوگوایریا بنارکھا ہے ، اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پنجاب اسمبلی کےباہر میڈیاسے گفتگوکرتےہوئےرانا ثناءاللہ نےکہا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری سادہ لوح افرادسے قرآن پر حلف لے کر ملک میں فتنہ فساد پھیلاناچاہتے ہیں ،ادارہ منہاج القرآن میں مسلح افراد اور اسلحہ کی موجودگی کی اطلاعات ملی تھیں ، پولیس آپریشن کے بعد یہ اطلاعات سچ ثابت ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری آئین پاکستان اور جمہوریت سے انحراف کی بات کرتے ہیں،انارکی پھیلا کر جمہوریت کو بلڈوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ رانا ثناءاللہ کاکہناتھاکہ مٹھی بھر لوگوں کو ورغلا کر ملک کا سسٹم خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،قانون ہاتھ میں لینے والوں کےخلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ انہوں نےکہاکہ حکومت نے کسی سیاسی جماعت کو جلسےجلوس سے نہیں روکا ، عمران خان نے بھی حال ہی میں جلسے کئے ہیں ،طاہرالقادری کی تو کوئی سیاسی جماعت ہی نہیں۔