23 جون ، 2014
اسلام آباد..........ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کچھ کمی آگئی ہے۔سرگودھا میں موسلادھار بارش سے کچے مکانات کی چھت اور دیوار گرنے کے مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت 4افراد جاں بحق اور22 افراد زخمی ہوگئے۔ سرگودھا شہر میں طوفانی جھکڑ چلنے کی وجہ سے مختلف حادثات پیش آئے۔ نوری گیٹ کے قریب مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔ ضلعی کونسل کالونی میں بھی ایک گھر کی دیوار گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر صحن میں کھیلنے والے کمسن بہن بھائی جان کی بازی ہارگئے۔ دیگرحادثات میں 22 افراد زخمی بھی ہوئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر،اسلام آباد،پنجاب ،ہزارہ ڈویژن اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ آج سب سے زیادہ درجۂ حرارت دادو میں 48 اور نواب شاہ میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔