24 جون ، 2014
بنوں.....شمالی وزیرستان میں کل سے کرفیو نافذ ہے۔علاقے سے اب تک 5 لاکھ کے قریب افراد نقل مکانی کرچکے ہیں،بنوں میں متاثرین کو راشن تقسیم کرنے کے دوران بدنظمی ہوئی ۔ مشتعل مظاہرین اورپولیس میں جھڑپ میں کئی افرادزخمی بھی ہوئے ۔شمالی وزیرستان آپریشن عضب جاری ہے۔اس سلسلے میں 6دن کے دوران پانچ لاکھ افرادشمالی وزیرستان سےاپنے گھر وں کو خیرباد کہہ کر بنوں اورملک کے دیگر اضلاع کی طرف نقل مکانی کرچکے ہیں ۔ان متاثرین کے لئے بنوں کوہاٹ روڈ پر واقع اسپورٹس کمپلیکس میں راشن پوائنٹ قائم کیاگیا ہے جہاں ہزاروں افرادقطار میں لگ کر اپنی باری کا انتظا رکرتے ہیں۔آج یہاں راشن کی تقسیم کے دوران بدنظمی ہوئی جس کے بعد متاثرین مشتعل ہوگئے اوربنوں کوہاٹ روڈ پررکاوٹیں کھڑی کرکے اسے ٹریفک کے لئے بند کردیا ،اس دوران پولیس اورمتاثرین میں جھڑپ بھی ہوئی ۔ہوائی فائرنگ کے دوران بھگدڑ اورپتھراؤ میں کئی پولیس اہلکاراورمتاثرین زخمی بھی ہوئے۔ قبائلیوں کو نقلِ مکانی کے لیے پیر کے روز کرفیو میں نرمی کا آخری موقع دیا گیا تھا۔کل شام چار بجے کے بعد شمالی وزیرستان کی تمام 9تحصیلوں میں کرفیو نافذہے۔ کرفیو کے دوران ایجنسی بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔