24 جون ، 2014
اسلام آباد........اسلام آباد اورراولپنڈی کے 7تھانوں میں پاکستان عوامی تحریک کے4 ہزار سے زائد کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا، کورال، سبزی منڈی، گولڑہ،آئی نائن اور شہزاد ٹاؤن میں 7 جبکہ راول پنڈی کے تھانہ ائر پورٹ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں گرفتار مظاہرین کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ شامل نہیں جبکہ راول پنڈی میں یہ دفعہ بھی شامل ہے۔ راول پنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 53ملزمان کو پیش کیا گیا ۔عدالت نے ملزمان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔اسلام آباد میں 203 ملزمان کوعلاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی ضمانت منظور کر لی گئی ۔ایس ایس پی اسلام آباد کا کہنا ہےکہ تفتیش کے دوران ثبوت ملا تو ملزمان کے خلاف مقدمات میں دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل کی جا سکتی ہے۔