24 جون ، 2014
ملتان ......ملتان سینٹرل جیل پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، لیکن پاک فوج اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا۔ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی کامیاب مشق ہوئی۔ نیو سینٹرل جیل ملتان میں 6 دہشت گردوں نےسینٹرل جیل کا حصار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی لیکن جانباز جیل اہل کاروں نے سخت مقابلہ کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنےسے روکے رکھا۔ دہشت گرد جیل میں قید اپنے خطرناک ساتھیوں کو آزاد کرانا چاہتے تھے۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس، حساس ادارے کے اہلکار، پولیس، بکتر بند ، فائربریگیڈ کی گاڑیاں اور ایمبولینسیں بھی سینٹرل جیل پہنچ گئیں۔فوجی جوانوں اور پولیس اہل کاروں کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے ان پر بھی حملہ کردیا۔فوج اور پولیس کی بھرپورجوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد ڈھیر ہوگئے۔نیو سینٹرل جیل پر ہونے والا حملہ،اس میں بظاہرمارے گئے دہشت گرد اور متعلقہ اداروں کی شاندارکارروائی ۔سب کچھ ریہرسل تھی ۔ دہشت گروں کے ممکنہ حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مشق ۔ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل کا کہنا تھا کہ اس مشق کا مقصد متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو جانچنا تھا۔