27 جون ، 2014
بنوں.....وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی سب مشکلات دور کریں گے، رمضان پیکج میں ہر خاندان کو 40 ہزارروپے دیں گے۔ یہ احسان نہیں، حکومت کی ذمہ دری ہے۔ بنوں میں نقل مکانی کرکے آنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کی دیکھ بھال پرجتنا خرچ ہوگا وہ سب حکومت برداشت کرےگی، ہم آپ کی بھر پور خدمت کرنے کی کوشش کریں گے،یہ احسان نہیں حکومت کی ذمے داری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے دن رات کام کررہے ہیں، فوج اور حکومت مل کرمشکلوں کو آسان کرنےکی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا گھر چھوڑنا کسی کے لیے بھی آسان نہیں ہوتا،امید ہے کہ مشکل کا یہ مرحلہ جلد مکمل ہوجائے گا، جب آپ جائیں گے تو آپ کےگھروں کی تعمیرکا مرحلہ طےہوگا،کس کس مکان کو نقصان ہوا اس کا جائزہ لیا جائے گا اور دیکھیں گے کہ آپ کے علاقے میں کن کن کاموں کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اللہ تعالی ملک کودہشتگردی اورشدت پسندی سے نجات دلائے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف آئی ڈی پیز کے کیمپ کا دورہ کرنے بنوں پہنچے تو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، گورنر سردار مہتاب عباسی،وفاقی وزرا پرویزرشید اورقادربلوچ بھی ہمراہ ہیں۔ وزیر اعظم کو آئی ڈی پیز کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ فوجی حکام نے وزیر اعظم کو نقل مکانی کرنے والوں کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔