پاکستان
27 جون ، 2014

ججز نظربندی کیس: مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

ججز نظربندی کیس: مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد......انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں ملزم پرویز مشرف کی ایک دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزم کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے تین نومبر کی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو ان کے گھروں پر نظربند رکھنے کے مقدمہ کی سماعت کی۔ عدالتی حکم کے باوجود ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف تو عدالت میں پیش نہ ہوئے تاہم ان کے دو ضامن عدالت میں پیش ہوئے۔ پرویز مشرف کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف کو کالعدم جماعتوں کی جانب سے دھمکیاں ملی ہیں۔ وہ بیماری کے باعث زیر علاج ہیں لہذا ان وجوہات کی بنا پر عدالت میں حاضر نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت گیارہ جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔

مزید خبریں :