29 جون ، 2014
فیصل آباد.....وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک سال احتجاج اور لوگوں کو لالی پاپ دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، انہیں ہار ماننا پڑے گی اور صبر کے ساتھ اپنی باری کا انتظار کرنا چاہئے۔فیصل آباد میں ماہ صیام کے حوالہ سے لگائے گئے رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں انہیں تکلیف ہے کہ نواز شریف عوامی فلاح و بہبود کیلئے بجلی ، موٹرے اور میٹرو کے منصوبے کیوں شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیر ستان آپریشن کے متاثرین خیبر پختونخواہ میں بے یارومدد گار ہیں اور عمران خان جلسے ، احتجاجی سیاست اور ملک میں انارکی پھیلانے پر توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف 20کروڑ عوام کی دہشت گردی کی جنگ لڑ رہے ہی اور عمران خان گھٹنے ٹیک رہے ہیں کہ دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان چار حلقوں کی ٹربیونل سے پسپائی کے بعد اپ 35 پنکچر کی بات کررہے ہیں ،انہیں چیلنج ہے کہ وہ استعفی دے کر میرے مقابلہ میں انتخاب لڑ لیں تو انہیں پتہ چل جائے گا کہ عوام ان کی جہالت کے ساتھ ہیں یا نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ شیخ رشیدجمہوریت کے خلاف جو نفرت پھیلا رہے تھے عید سےقبل ہی ان کی خواہشوں کااور عزائم کی قربانی ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار اور نماز تراویج کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔