29 جون ، 2014
کراچی .....رمضان المبار ک کی آمد آمد ہے لیکن کراچی میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں ہیں کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں، حکومت کی جانب سےسرکاری نرخوں کی فہرستیں بھی جاری کر دی گئیں ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کی تیاری کے لیے اشیا ئے خورونوش کی خریداری کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد نے سستی اشیاء ملنے کی امید پر اتواز بازاروں کا رخ کیا ،لیکن بازاروں میں حکومت کی جانب سے دی گئی ریٹ لسٹ تو موجود تھی مگر اس پر عمل درآمد ہوتا نظر نہیں آیا۔شہری انتظامیہ کی جانب سے جاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتاہے کہ بیسن 58 روپے کی جگہ بازار میں 80 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔ آلو 60 روپے کی بجائے 65 روپے ، کالا چنا 63کی جگہ 67 ، کابلی چنا 85 روپے کی جگہ 90 روپے کلو فروخت ہورہا ہے ۔ بازار انتظا میہ کہتی ہے کہ عوام زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے والوں کی شکایات کریں،بات صرف بیسن ، چنے پر ختم نہیں ہوتی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔کیلا 70 کی جگہ 75 روپے درجن ، سندھڑی آم 68 کی جگہ 75 روپے کلو فرخت کیا جارہا ہے۔بچت بازاروں میں حکومت کی جانب سے ریٹ لسٹیں تو آویزاں کردی گئیں ہیں لیکن عوام کا کہنا ہے کہ ان لسٹوں پر عمل درآمد آٹے میں نمک کے برابر ہی کیا جارہا ہے۔