01 جولائی ، 2014
پشاور.........خیبرپختونخوا کے موجودہ بجٹ میں رمضان کے دوران سستے بازارقائم کرنے کے اعلان توہوئے لیکن اب تک پشاور سمیت کہیں بھی ایسا کوئی بازار قائم نہیں کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کہتی ہےکہ رمضان بازار سیکورٹی خدشات کے باعث نہیں لگائے جاسکے۔ پشاوراورخیبرپختونخوا کے دیگرشہروں میں ان سستا بازاروں کے لگانے کے سرکاری اعلان کے بعد لوگ خوش تھے کہ شاید اب کی بار ان کی جان ناجائزمنافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں سے چھوٹ جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوسکا اورلوگ اب بھی بازاروں میں مہنگی اورکم معیاری اشیا خریدنے پرمجبورہیں۔ اصولا تومارکیٹ پرنظررکھنا حکومتی اداروں اورخصوصاً ضلعی انتظامیہ کا کام ہوتا ہے لیکن حکومت نے یہ کام بھی شکایات کے لئے ٹیلی فون نمبر اورای میل ایڈریس دے کرعوام کے گلے میں ڈال دیا ہے اب یہ کسے نہیں معلوم کہ عام لوگوںمیں سے کتنے ان سہولتوں کے استعمال سے واقف ہیں۔ ضلعی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں شہریوں کی مشکلات کا احساس ہے لیکن سکیورٹی مسائل آڑے آ رہی ہیں۔یہی انتظامیہ ہے جوکہیں توسیکورٹی کی خراب صورتحال کوجواز بنا کریہ بازارنہیں لگارہی تودوسری طرف وہ کہتی ہے کہ مناسب جگہ نہیں مل سکی تھی اور اگلے ہفتے موزوں جگہ ملتے ہی یہ بازارلگادیئے جائیں گے۔