01 جولائی ، 2014
بنوں........شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے بیمار متاثرین میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جو ملیریا، خوراک کی کمی، پیٹ درد اور آنکھوں کی بیماریوں کا شکار ہیں، ادھر نوشہرہ میں نقل مکانی کرنے والے افراد تاحال حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔بنوں میں مقیم متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں انہیں ہر طرح کی طبی سہولتیں دی جارہی ہیں۔خواتین کے معائنے کے لئے لیڈی ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں،ڈاکٹروں کے مطابق میڈیکل کیمپوں میں روزانہ 600سے 800 مریضوں کا معائنہ کیا جارہا ہے ،اس کے علاوہ فری میڈیکل موبائل ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں۔اُدھر نقل مکانی کرنے والوں کے لیے اسپورٹس کمپلیکس میں قائم راشن کیمپ آج صرف خواتین کے لئے مخصوص تھا، جہاں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی نگرانی میں خواتین نے رجسٹریشن کارڈ دکھاکر راشن حاصل کیا جبکہ ممش خیل اور غوری والا کیمپوں پر راشن لینے کے لیے مرد حضرات کی لائنیں لگی رہیں۔دوسری طرف وہ متاثرین جو پیدل نقل مکانی کرکے بنوں پہنچے تھے اب بھی اپنی رجسٹریشن کے لئے سراپااحتجاج ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان متاثرین کی رجسٹریشن سیدگئی چیک پوسٹ پر ہی ہوسکتی ہے جس کے بعد ہی انہیں راشن سمیت تمام سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔شمالی وزیرستان میں کرفیو کے باعث سیدگئی چیک پوسٹ پر ان متاثرین کی رجسٹریشن فی الحال ممکن نہیں ہے، کرفیو میں نرمی ہوتے ہی افراد کی رجسٹریشن کردی جائے گی۔دوسری جانب، رجسٹریشن کارڈ حاصل کرنے والے متاثرین بھی شکوہ کررہے ہیں کہ وزیراعظم کی طرف سے 20اور 40ہزار روپے کے اعلان کے باوجود وفاق کی جانب سے صرف 12ہزار روپے دیے جارہے ہیں۔شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے 8خاندان نوشہرہ کے علاقے پیر پیائی کے سرکاری اسکول میں رہائش پذیر ہیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ بے سروسامانی کی حالت میں خواتین اور بچوں کے ساتھ یہاں پہنچے ہیں ۔ تاہم ابھی تک حکومت یا کسی بھی ادارے کی طرف سے کوئی مدد نہیں کی گئی ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں گرمی، حبس اور روزوں کے باعث متاثرین میں راشن تقسیم کے اوقات تبدیل کر دئیے گئے ہیں، امدادی مرکز شورکو ٹ اور نائیویلہ میں متا ثرین کو صبح 5بجے سے دن 11بجے تک راشن تقسیم کیا جارہا ہے،اب تک امدادی مراکز میں 3ہزار 4سوسے زائد افراد میں رمضان المبا رک کا خصوصی پیکج تقسیم ہو چکا ہے۔ان مراکز میں شما لی وزیرستا ن کا شنا ختی کا رڈ رکھنے والے ہر شخص کو رمضان پیکج دیا جا رہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر عرفان اللہ محسود کے مطابق پہاڑ پو ر میں تیسرا امدادی مرکز قائم کرکے وہاں سے بھی متاثرین کے لئے ورلڈ فوڈ پرگرام کے تحت غذائی پیکج کا آغاز کردیا گیا ہے۔