پاکستان
06 جولائی ، 2014

دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اور فوج ساتھ ہے ،الطاف حسین

 دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اور فوج ساتھ ہے ،الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف آج پوری پاکستانی قوم اور مسلح افواج ایک صفحہ پر ہے ، سب سے پہلے ملک سے دہشت گردوں کاصفایا ہوگااس کے بعد جاگیرداروں ، وڈیروں اورکرپٹ سیاستدانوں سے باز پرس کی جائے گی اور قانون کے مطابق ان کے احتساب کا مرحلہ شروع ہوگا۔ اپنے اپنے منشور اورنظریات کی تبلیغ کرناسب کاحق ہے لیکن کسی کو کلاشنکوف، ڈنڈا بردار اور تلواروں کے ذریعہ اپنی خودساختہ شریعت یانظریہ دوسروں پر مسلط کرنے کی ہرگز کوشش نہیں کرنی چاہیے۔یہ بات انہوںنے جناح پارک کراچی میں مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کیلئے منعقدہ تاریخ ساز اجتماع کے لاکھوں شرکاء سے وڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہی۔رمضان کامہینہ ہونے اورچلچلاتی دھو پ ہونے کے باوجوداالطاف حسین کی اپیل پر اس جلسہ عام میں لاکھوں افرادنے شرکت کی اور مثالی نظم وضبط کامظاہرہ کیا۔ اجتماع میں ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان اورہمدردوں کے علاوہ پاکستان کی مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں ، منتخب نمائندوں، سماجی، ادبی، کاروباری ،کالم نگاروں، فنکاروں، کھلاڑیوں، تمام مکاتب فکرکی مذہبی شخصیات اورمختلف مذاہب کے نمائندوںنے بھی بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ الطاف حسین نے اجتماع میں شرکت کرنے پر سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اورانہیںخوش آمدید کہا۔ انہوں نے اجتماع کے شرکاء کو رمضان المبارک کی دلی مبارکباد پیش کرتےہوئے کہاکہ یہ اجتماع پاکستان کی مسلح افواج سے یکجہتی کا عظیم الشان اور تاریخی مظاہرہ ہے ۔ پاکستان کی مسلح افواج، اس تاریخ ساز اجتماع کی کامیابی کی سب سے زیادہ حق دار ہے، ایک ایک فوجی افسر، کورکمانڈر اور جوان اپنی آنکھوں سے دیکھ لے کہ پورا پاکستان ان سے محبت کرتا ہے۔میں مسلح افواج کو یقین دلاتا ہوں کہ مجھ سمیت ایم کیوایم کا ایک ایک کارکن آپ کے ساتھ ہے ۔الطاف حسین نے اپنی نشست سے کھڑے ہوکر مسلح افواج کو سیلوٹ پیش کیا جس کی تقلید کرتے ہوئے اجتماع کے لاکھوں شرکاء نے بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر پاک فوج کوسیلوٹ پیش کیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے کارکنان نے ایک مرتبہ پھر مثالی نظم وضبط کا مظاہرہ کیا اور الطاف حسین کے ایک دوتین کہتے ہی لاکھوں افراد کے پنڈال پر گہری خاموشی چھاگئی ۔ انھوں نے کہا کہ سب سے پہلے ملک سے دہشت گردوں کاصفایا ہوگااس کے بعد جاگیرداروں ، وڈیروں اورکرپٹ سیاستدانوں سے باز پرس کی جائے گی اور قانون کے مطابق ان کے احتساب کا مرحلہ شروع ہوگا۔ ملک میں غریب ومتوسط طبقہ کے ایماندار لوگوں کا اقتدار آئے گا، میری ذاتی رائے ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو ان کے اہل خانہ سمیت پہنے ہوئے کپڑوں اور بچوں کیلئے دودھ کے ہمراہ چارٹرطیاروں میں بٹھاکر ان ممالک بھیج دیا جائے جہاں ان لوگوں نے اپنی جاگیریں بنارکھی ہیں اور پاکستان میں ان کی جاگیروںکو قبضہ میںلیکر وہاںکالج، اسکول، اسپتال اور خواتین کے تربیتی مراکز قائم کیے جائیں۔ ایم کیوایم اس استحصالی نظام کاخاتمہ چاہتی ہے، تمام شہریوں کیلئے انصاف کاایسانظام چاہتی ہے جہاں صرف امیرہی عدالت کادروازہ نہیں کھٹکھٹا سکے بلکہ غریب کوبھی انصاف تک رسائی ہو۔ یہ کیساانصاف کانظام ہے کہ ایک وزیراعظم کوعدالت طلب کرکے برطرف کردیاجائے مگر دوسرے کے خلاف کتنے ہی مقدمات کیوں نہ ہوںاس کے خلاف کچھ نہ ہو، مہران بینک اسکینڈل میں جب لوگوں کے نام سامنے آئے توکہاگیاکہ یہ سارے شرفاء ہیں اور ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیاگیا۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ اس کامطلب ہے کہ دال میں کچھ کالانہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہواورکوئی بھی کرے، ایم کیوایم ایسامعاشرہ قائم کرناچاہتی ہے جہاں زندگی کے تمام شعبوں میں لوگوں کورنگ ، نسل ، زبان،جنس، فقہ ، مسلک اور مذہب کے امتیاز سے بالاترہوکرسب کومساوی حقوق میسرہوں،مسلمان، ہندو، سکھ ، عیسائی،یہودی ،احمدی یاکسی بھی مذہب یاعقیدے کے ماننے والے ہوںسب کوآزادی کے ساتھ جینے کاحق ہو،اپنی اپنی عبادت گاہوں میں جانے اور عبادت کرنے کاحق ہو۔

مزید خبریں :