پاکستان
07 جولائی ، 2014

وزیراعلیٰ سندھ سمیت 13 انتخابی امیدواروں کی درخواستوں پرحکم امتناع ختم

 وزیراعلیٰ سندھ سمیت 13 انتخابی امیدواروں کی درخواستوں پرحکم امتناع ختم

کراچی .....سندھ ہائی کورٹ نے 13 انتخابی درخواستوں پرالیکشن ٹریبونلز کے فیصلوں کے خلاف حکم امتناع ختم کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونلز کو قانون کے مطابق کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ بنچ نے ٹریبونل کے فیصلوں کے خلاف درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کی کارروائی گیارہ اگست تک ملتوی کردی۔جسٹس منیب اختر ، جسٹس فاروق شاہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل لارجر بنچ نے انتخابی درخواستوں کی سماعت کی ۔عدالت نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں پر جاری حکم امتناع ختم کرتے ہوئے ٹریبونلز کو ہدایت کی کہ درخواستوں پر قانون کے مطابق کارروائی کریں ۔الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، نواب وسان، شازیہ مری سمیت 13 افراد نے اپیلیں دائر کرکے حکم امتناع حاصل کیا تھا ۔ الیکشن ٹریبونل نے سید قائم علی شاہ سمیت کئی امیدواروں کے حلقے اورمخصوص پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹوں کی تصدیق کا حکم دیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ کی لارجر بنچ نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کی کاروائی گیارہ اگست تک ملتوی کردی ۔

مزید خبریں :