پاکستان
07 جولائی ، 2014

پشاور :آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن پہلے روز مقررہ وقت سے قبل ختم

پشاور :آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن پہلے روز مقررہ وقت سے قبل ختم

پشاور........شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن پشاور میں بھی شروع ہو گئی ہےلیکن پہلے ہی روز رجسٹریشن کا عمل بدنظمی کی وجہ سے تاخیر سے شروع اور مقررہ وقت سے قبل ختم کرناپڑا۔ پشاورمیں شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی 8روزہ رجسٹریشن کے پہلے ہی دن ناقص انتظامات کا بھانڈہ پھوٹ گیا۔ میران شاہ کے آئی ڈی پیز مقررہ وقت 7بجے سے بھی پہلے رجسٹریشن سنٹر پہنچ گئے تھے تاہم رجسٹریشن کا عمل تقریباً دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ جس کی وجہ سے خواتین کوبھی سینٹر سے باہر لمبی قطاروں میں انتظارکرنا پڑا۔ 9بجے کے بعدجب رجسٹریشن شروع ہوئی تو تمام خواتین کوسینٹر کے اندرآنے کی اجازت دے دی گئی تاہم سینٹر سے باہرگھنٹوں انتظارکرنے والے اور اندر موجود مرد آئی ڈی پیز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔اس دوران کوئی بجلی کے کھمبوں پر چڑھ کر سینٹرکےاندر پہنچنے کی کوشش کرتا رہا۔ تو بعض سینٹرکے اندر رجسٹریشن کے عملے کے ساتھ باہم مشت و گریبان دکھائی دئیے اوررجسٹریشن مقررہ وقت سے قبل ختم کر دی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف ڈی ایم اےمحمدحسیب کا کہنا ہے کہ آج رجسٹریشن کا پہلا دن تھا تو کچھ مسائل تھے۔عملہ بروقت پہنچ گیا تھا پولیس والےنہیں تھے جن کے بغیررجسٹریشن شروع نہیں کرسکتے تھے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے رجسٹریشن کرنےوالے آئی ڈی پیز کو موبائل سموں کے ذریعے ابتدائی طور پر 40ہزار روپے دیے جائیں گے جس کے بعد ہر ماہ 10ہزار روپے ملیں گے اور یہ مالی مدد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آئی ڈی پیز واپس اپنے گھروں کو نہیں لوٹ جاتے۔ پشاورمیں شمالی وزیرستان آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا کل دوسرا روز ہے۔ منگل کو میران شاہ کے باقی رہ جانے والے اور بویہ اور دتہ خیل کے متاثرین کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

مزید خبریں :