پاکستان
08 جولائی ، 2014

بلوچستان بھر میں ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی سکیورٹی میں اضافہ

 بلوچستان بھر میں ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی سکیورٹی میں اضافہ

کوئٹہ ..... کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ممکنہ تخریب کاری کی روک تھام کے پیش نظر ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے،تمام بڑے اسٹیشنوں پر خفیہ کیمرے بھی لگادئیے گئے ہیں۔ پاکستان ریلویز کوئٹہ کے ترجمان عباس علی کے مطابق کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی تمام ٹرینوں میں ممکنہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام اور مسافروں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ریلوے پولیس کے ساتھ آٹھ ،آٹھ تربیت یافتہ کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر تخریب کاری سے نمٹنے کےلئے پانچ پانچ کمانڈوز بھی تعینات کردئیے گئے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنوں پر مشکوک افراد کی نقل و حرکت مانیٹر کرنے کے لئے کوئٹہ سمیت صوبے کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر خفیہ کیمرے بھی لگائے گئے ہیں ۔ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ پلیٹ فارم پر جانے کے لئے واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں اورمسافروں کو اسکینر کی مدد سے تلاشی کےبعد اسٹیشن کے اندر چھوڑ اجارہاہے۔ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کو مزید محفوظ بنانے کیلئے پارکنگ ایریا بند کرکے بیرئیر لگادئیے گئے ہیں اور ریلوے کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی مکمل طور پر فعال بنا دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب ریلوے ٹریکس پر پٹرولنگ میں بھی اضافہ کردیاگیاہے۔

مزید خبریں :