13 اپریل ، 2012
لاہور … جماعت اسلامی کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ حکومت نے ستمبر، اکتوبر میں انتخابات کا اعلان نہ کیا اور عوام سے ان کا حق انتخاب چھیننے کی کوشش کی تو انقلاب کو کوئی نہیں روک سکے گا۔ منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن او ر جے یو آئی کا حکومت کا اتحادی بن کر امریکی کیمپ میں جانا المیہ ہے جبکہ پی پی پی، ایم کیو ایم، ق لیگ اور اے این پی کے ساتھ اتحاد ثابت کرتا ہے کہ پارلیمنٹ کے لوگ قومی مفادات پر امریکی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے کیمرون منٹر اور صدر سے ملاقات کے بعد اپنا موٴقف بدل لیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی بھی انجمن غلامان امریکا کے ہمنوا بن گئے ہیں۔ منور حسن کاکہنا تھا کہ نیٹو سپلائی روکنے کیلئے وہ آخری حد تک جائیں گے۔