13 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں نے انتخابی فہرستوں میں مبینہ خرابیاں دور نہ کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ جماعت اسلامی،مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے پاکستان اور دیگر جماعتوں کی جانب سے انتخابی فہرستوں میں خرابی کے خلاف الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب میں محمد حسین محنتی، نہال ہاشمی، عرفان اللہ مروت، صدیق راٹھور اور دیگر نے کہا کہ کراچی میں رہائش پذیر ملک کے دیگر علاقوں کے 9 لاکھ شہریوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کراچی کی انتخابی فہرستوں کو ایک جماعت کے ہاتھوں یرغمال ہونے سے بچائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابی فہرستوں میں گڑبڑ دور نہ کی گئی تو انتخابی نتائج مسترد کردیں گے۔