13 اپریل ، 2012
دبئی … ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا متنازع جزیرے کے دورے پر بطور احتجاج متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ دوستانہ فٹبال میچ منسوخ کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان امارات فٹبال فیڈریشن کے عبوری سربراہ یوسف السرکال نے فیڈریشن کی ویب سائٹ پر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ کی منسوخی کی وجہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا متنازع جزیرے کے دورے سے متعلق سرکاری موٴقف کی تائید کرنا ہے۔ یہ میچ اگلے ہفتے فجیرہ میں کھیلا جانا تھا۔ یاد رہے کہ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی جانب سے متنازع جزیرہ ابو موسیٰ کے دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناوٴ بڑھ گیا ہے جس پر امارات نے گزشتہ روز تہران میں متعین اپنے سفیر کو صلاح مشورے کیلئے واپس بلالیا تھا۔ ایران اور امارت کے درمیان خلیج کے درمیان 3 جزائر طنب الکبری، طنب الصغریٰ اور ابوموسیٰ کی ملکیت پر 1971ء سے تنازع جاری ہے۔