17 جولائی ، 2014
کیف......ملائیشیا کا مسافر طیارہ یوکرین میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے کے 15 ارکان سمیت 295 مسافر ہلاک ہوگئے۔ روسی خبرایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے کو زمین سے میزائل داغ کر تباہ کیا گیا، جبکہ یوکرینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ طیارے کو حکومت مخالف باغیوں نے میزائل سے نشانہ بنایا، طیارے کو مشرقی یوکرین میں 10کلومیٹر بلندی پر میزائل داغ کر نشانہ بنایا گیا،مسافرطیارہ روسی سرحدکے قریب یوکرین میں گرا ہے۔ روسی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کا مسافر طیارہ مقررہ روٹ سے روس میں داخل نہیں ہوا، اقوام متحدہ میں روس کے مندوب نے ملائیشین طیارے کو مارگرانے کا الزام مسترد کر دیا ہے۔ ملائیشین ایئرلائن نے طیارے کی یوکرین کی فضائی حدود میں آخری رابطہ ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ یوکرینی وزارت داخلہ نےطیارے کے حادثے میں 295افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ بوئینگ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملائیشین طیارے کے حادثے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔ دوسری جانب یوکرین کے وزیراعظم نے ملائیشین مسافر طیارے کے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یوکرین کے صدر نے بھی ملائیشین طیارے کو مارگرائے جانے کاخدشہ ظاہر کیا ہے، مسافر طیارہ بوئنگ 777ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جارہاتھا۔