14 اپریل ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے ان کے تجویز کردہ فارمولے کو انرجی کانفرنس میں شجاعت فارمولا کہہ کر ٹال دیا گیا، مسلم لیگ ق اس فارمولے پر عملدرآمد کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ مجلس کارکنان تحریک پاکستان سے خطاب میں شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ انہیں مارشل لاء کی پیداوار کا طعنہ دیا جاتا ہے مگر شاید وہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ ایوب خان کے دور میں ان کے والد ظہورالٰہی شہید کو قید و بند کی مشکلات برداشت کرنا پڑی تھیں۔ شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ ہے، مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا۔ شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ خدارا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ان کے دیئے گئے فارمولے پر عمل کریں، چیلنج کرتا ہوں کہ لوڈشیڈنگ صرف 2 گھنٹے کی رہ جائے گی۔