پاکستان
14 اپریل ، 2012

آئندہ بجٹ میں ایک لاکھ نوکریاں دی جائیں گی، وزیراعظم گیلانی

آئندہ بجٹ میں ایک لاکھ نوکریاں دی جائیں گی، وزیراعظم گیلانی

مظفر گڑھ … وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ ہم پانچواں بجٹ پیش کریں گے، جس میں ایک لاکھ نوکریاں دی جائیں گی، مجھے بھی جیل میں سیاسی وابستگی تبدیل کرنے کی ترغیب دی گئی، سرائیکی صوبہ نہ بنا تو اس خطے کی تکالیف کا ازالہ نہیں ہو سکے گا۔ یہ بات انہوں نے مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ کی سیٹ پر بیٹھ کر غداری نہیں کر سکتا، اگر سرائیکی صوبہ نہ بنا تو اس خطے کی تکالیف کا ازالہ نہیں ہو سکے گا، جب تک یہاں اپنی اسمبلی، وزیراعلیٰ، عدالتیں نہیں ہوں گی عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں وعدہ کرتا ہوں سرائیکی صوبہ بنے گا، یہ کسی کا ذاتی مفاد نہیں عوام کی خواہش ہے ، یہاں کی عوام بہت کچھ برداشت کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری بھی ملتان کے دورے پر ہیں، ان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ سرائیکی عوام کو ان کے حقوق کی یقین دہانی کروائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب ہماری حکومت بنی لوگوں نے پیش گوئیاں کیں کہ یہ حکومت چند ماہ چلے گی، پھر کہا ایک سال پورا کرے گی، آج 4 سال گزر گئے اور آئندہ ماہ ہم پانچواں بجٹ پیش کریں گے، جس میں ایک لاکھ نوکریاں دی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی حمایت سے 4 سال پورے کئے، پیپلز پارٹی اپنے 5 سال بھی پورے کرے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ غریب عوام کو ووٹ کا حق دلانا پیپلز پارٹی کی قیادت کا کارنامہ ہے، بے نظیر بھٹو شہید کا دیا ہوا منشور پورا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بحران کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔

مزید خبریں :