پاکستان
14 اپریل ، 2012

کراچی میں بلاتفریق شرپسندوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے، جلال محمود شاہ

کراچی میں بلاتفریق شرپسندوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے، جلال محمود شاہ

کراچی … سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں جہاں بھی شرپسند یا دہشت گرد موجود ہیں بیک وقت ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے، صرف مخصوص علاقے میں پولیس آپریشن کی مذمت کرتے ہیں۔ کراچی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس جلال محمود شاہ کی صدارت میں ہوا جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ بشیر قریشی کے کیمیکل ٹیسٹ لواحقین کے مطالبے کے مطابق جلد کئے جانے چاہئیں، کیونکہ جب تک رپورٹ نہیں آجاتی، سندھ کی قوم پرست جماعتیں چین سے نہیں بیٹھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ ملک دشمن عناصر بین الاقوامی اشارے پر اردو اور سندھی بولنے والوں کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کیلئے سازشیں کررہے ہیں۔ جلال محمود شاہ نے کہا کہ احتجاج کرنے والے نیشنل پروگرام فار امپروومنٹ آف واٹر کورسز،نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :