کھیل
20 جولائی ، 2014

پاکستان فٹبال فیڈریشن اورآزادفاؤنڈیشن کا ناروے ٹیم بھیجنے پر تنازع

پاکستان فٹبال فیڈریشن اورآزادفاؤنڈیشن کا ناروے ٹیم بھیجنے پر تنازع

کراچی(شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر) پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور این جی او آزاد فائونڈیشن پاکستان کے درمیان ناروے میں ہونے والے فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے ٹیم بھیجنے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ آزاد فائونڈیشن پاکستان نے اس سے قبل بھی پی ایف ایف کو اعتماد میں لئے بغیر برازیل میں ہونے والے اسٹریٹ چلڈ ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے ٹیم بھیجی تھی اور ایک بار پھر ناروے کے شہر اوسلو میں ہونے والے ایونٹ کیلئے ٹیم بھیجنے کا اعلان کیا ہے، ٹیم 25 جولائی کو ناروے روانہ ہوگی۔ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا قوانین کے مطابق کسی بھی فٹ بال ٹیم کو انٹرنیشنل ایونٹ میں بھیجنے سے قبل اپنے ملک کی فٹ بال فیڈریشن سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے لیکن آزاد فائونڈیشن نے ایک بار پھر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو اعتماد اور این او سی لئے بغیر اپنے طور پر انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کیلئے بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔ جنگ نے آزاد فائونڈیشن پاکستان کے ترجمان اتفان مقبول سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ ناروے میں ہونے والے ٹورنامنٹ کیلئے ہم نے ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ترتیب دی ہے۔ اس کے بارے میں پی ایف ایف کے سیکرٹری احمد یار لودھی کو بھی آگاہ کیا تھا۔ جون میں پی ایف ایف نے ٹریننگ کا جو پروگرام دیا تھا اس کیلئے کھلاڑی دستیاب نہیں تھے، جولائی میں رمضان آگئے اس لئے ہم نے کراچی کے لوکل کلبوں سے دستیاب کھلاڑیوں کو کوچز سے ٹریننگ دلوا کر ٹیم منتخب کی ہے۔

مزید خبریں :