14 اپریل ، 2012
اسلام آباد … آئی پی پیز کی طرف سے حکومتی ضمانت کیش کرانے کے معاملے پر وزارت پانی و بجلی کے حکام نے آئندہ ہفتے اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ روش پاور کے نوٹس کی مدت ختم ہونے کے باوجود حکومت نے کوئی ادائیگی نہیں کی ہے۔ آئی پی پیز کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ بجلی کی خریداری کی مد میں تقریباً 300 ارب روپے کی ادائیگیاں کرنا ہے، اس صورتحال کی وجہ سے 9 آئی پی پیز نے حکومتی ضمانت کیش کرانے کے نوٹس دیئے ہیں اس کا جائزہ لینے کیلئے وزارت پانی و بجلی نے پیر 16 اپریل کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔ آئی پی پیز کے نوٹس کی مدت 19 اپریل کو ختم ہورہی ہے،جس کے بعد ادائیگی کیلئے مزید 10 روز وقت دیا جاتا ہے اور اگر حکومت نے 29 اپریل تک ادائیگیاں نہ کیں تو ضمانت دیوالیہ ہوجائے گی، ایک پاور کمپنی روش پلانٹ کو ادائیگی کی مدت 11 اپریل کو ختم ہوچکی ہے۔