14 اپریل ، 2012
ممبئی … بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار انوپم کھیر کا کہنا ہے کہ ان کے اداکار ہونے سے ان کے بیٹے سکندر کھیر کو بالی ووڈ میں کوئی فائدہ یا آسانی نہیں ملی ہے۔ صاف گوئی اور بے باکی کی شہرت رکھنے والے انوپم کھیر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر میرے اداکار ہونے سے سکندر کھیر کو آسانی ملی ہوتی تو وہ آج سپر اسٹار ہوتا لیکن 5 فلموں میں اداکاری کے باوجود سکندر اب تک فلم اسٹار نہیں مانا جاتا۔ انوپم کھیر نے کہا کہ وہ تو کسی کو 5 یا 10 کروڑ روپے دے کر یہ نہیں کہہ سکتے کہ میرے بیٹے کیلئے فلم بنادو۔ اس بات سے انوپم کھیر نے کس کی طرف اشارہ کیا ہے یہ تو وہ ہی جانیں، ویسے کئی اداکاروں کی اولادیں بڑے بڑے بجٹ کی فلمیں کرنے کے بعد بھی بالی ووڈ میں جگہ نہیں بنا پارہے، ایسے میں یہ بات اہم ہے کہ انوپم کھیر اپنے بیٹے کے فلمی کیریئر سے مطمئن لگتے ہیں۔