پاکستان
14 اپریل ، 2012

الطاف حسین کی فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل کی شدید مذمت

الطاف حسین کی فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل کی شدید مذمت

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد لطاف حسین نے کوئٹہ ، گلگت اور کراچی میں فرقہ واریت کی بنیاد پر بے گناہ افراد کے قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراس قتل عام کو مسلمانوں کے مختلف مسالک اور عقائد کے ماننے والوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی گھناوٴنی سازش قرار دیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا کہ کوئٹہ ، گلگت اور کراچی میں فرقہ واریت کی بنیاد پر معصوم و بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے بے گناہ افراد کو بیدردی سے قتل کرکے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، بھائی چارے اور امن و امان کی فضاء کو نقصان پہنچانا اور بدامنی کی صورتحا ل پیدا کرنے والے کسی طرح بھی ملک و قوم سے مخلص نہیں ہوسکتے اور سخت گرفت اور کارروائی کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی نازک ہے ، ایسے وقت میں مسلمانوں کے تمام مسالک کے اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے لہٰذا تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اپنے خطبات میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضاء کوبرقرار رکھنے کیلئے اپنا ہرممکن کردار ادا کریں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے درمیان بھائی چارے، مذہبی رواداری اور اتحاد و یگانگت کی فضا قائم رکھیں اور کسی بھی شرانگیز واقعہ پر ہرگز مشتعل نہ ہوں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے ان گھناوٴنی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بناد یں۔انہوں نے فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل ہونے والے تمام افراد کے سوگوا ر لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ الطاف حسین نے صدر آصف زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیاکہ فرقہ واریت کی بنیاد پر قتل و غارتگری میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا ء اور قیام امن کیلئے تمام تر حکومتی وسائل استعمال میں لائے جائیں۔

مزید خبریں :