14 اپریل ، 2012
کوئٹہ … گورنربلوچستان نے کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر پولیس کیخلاف کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اتوار کو اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ گورنر نواب ذوالفقار علی مگسی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات صوبائی حکومت کیلئے چیلنج اور لمحہ فکریہ ہے ان واقعات کی روک تھام کیلئے سخت ترین اقدامات اٹھائے جائیں، آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آناچاہئے بصورت دیگر ذمہ دار افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کل اتوار کو اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا۔ نئے سیکیورٹی پلان سمیت امن و امان سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بے گناہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر اس ملک، صوبے اور پورے معاشرے کیلئے خطرہ ہیں، ان عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا شہر کے تمام علاقوں میں پولیس کے گشت اور موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔