14 اپریل ، 2012
کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ نے اسٹیک ہولڈرز سے میٹنگ کی ہے، معاملہ مشاورت سے طے کریں گے، انہوں نے کہا کہ شہر سے 4500 سے زائد جھنڈے اتارے گئے جو انتظامیہ یا سیاسی جماعتوں نے خود اتارے ہیں، لیاری میں جو ہورہا ہے اس کا شدید ردعمل سامنے آرہا ہے، لیاری میں جدید اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے ہمراہ نیشنل ہائی وے پر ذوالفقارآباد آئل ٹینکر پارکنگ ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ جب شہر سے سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اتارنے کا فیصلہ کیا تھا تو سیاسی جماعتوں کو جھنڈے خود اتارنے کا کہا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے بھتہ خوری کا سلسلہ شروع ہوا تھا اس میں کئی قوتیں ملوث تھیں، جب سیاسی ماحول گرم ہوتا ہے تو کچھ لوگ اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہم اتحادیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لے آئے ہیں جو اس قسم کے مسائل پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں جو ہورہا ہے اس کا شدید ردعمل سامنے آرہا ہے، لیاری میں جدید اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا جارہا ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بدامنی کے خلاف صدر پاکستان سمیت اوپر سے نیچے تک سیاسی ہم آہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقارآباد آئل ٹینکر ٹرمینل بہت ضروری پروجیکٹ ہے اس سے شہر میں ہیوی ٹریفک کم ہوگا، اس منصوبے میں شہری انتظامیہ، صوبائی حکومت، وزارت پیٹرولیم اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کسی کریمنل کو اون کرتی ہے اور کرنا بھی نہیں چاہئے۔ صدر پاکستان نے پہلے بھی کہا ہے اگر کوئی جرائم پیشہ پیپلز پارٹی کا نام استعمال کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔