پاکستان
23 جولائی ، 2014

پاکستانی پنجاب کے گورنر نے فون پر ممبئی حملوںکا بتایا ، بھارتی صحافی

 پاکستانی پنجاب کے گورنر نے فون پر ممبئی حملوںکا بتایا ، بھارتی صحافی

کراچی.... رفیق مانگٹ.....بھارتی صحافی وید پرتاپ ویدک ایک نئےتنازع کا شکار ہونے جا رہے ہیں، برطانوی اخبار’’دی میل‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے وید پرتاپ کی وہ ویڈیو حاصل کر لی ہے جس میں اس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر نے انہیں فون کرکے 2008کے ممبئی حملوں کے متعلق بتایا تھا۔وید پرتاپ نے مدھیا پردیش کے ضلعی ہیڈ کوارٹر آگرہ مالوا میں رواں برس چار جنوری کو ’’بھارت کے بھاوشیا کی راج نیتی‘‘ کے موضوع پر ایک سمپوزیم سے خطاب کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ’’ ممبئی میں جب آتک وادیوں(دہشت گردوں) نے قبضہ کیا ہمارے ہوٹل پر تو سب سے پہلے لاہور سے گورنر نے فون کرا مجھے ،اور بولے کہ ٹی وی آن کیجئے۔۔۔ہمارے یہاں کے غنڈے آپ کے یہاں گھس گئے ہیں۔۔۔ میں نے کہا آپ کے غنڈے؟ بولے کہ جو وہ بولی بول رہے ہیں وہ ہماری ہی بولی ہے جیسے کہ پنجابیوں کی ہوتی ہے۔۔۔آپ وزیر اعظم سے کہیے کہ ان پر سخت کارروائی کرے۔۔۔ وہ لاہور کے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے ایجنٹ ہیں۔۔۔۔۔ـ‘‘ اخبار کے مطابق ویدک26نومبر2008حملے کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔ویڈیو کلپ میں ویدک پاکستانی عوام کے متعلق مزید بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’یہ سب پریم ہے۔۔۔ ہمارے پڑوسیوں کے ساتھ ہمارے سمبندھ (تعلقات) ایسے ہونے چاہیے کہ اگر جھگڑا بھی کریں تو اس کی گریما(فخر) ہو‘‘۔اخبار کے مطابق ویدک پہلے ہی حافظ سعید سے ملاقات پر بھارت میں سخت تنقید کا شکار ہیں۔ تاہم یاد رہے کہ ممبئی حملو ں کے دوران پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر تھے۔

مزید خبریں :