پاکستان
23 جولائی ، 2014

مبارک کاظمی کے قاتلوں کو گرفتارکرکےسخت سزا دی جائے، الطاف حسین

 مبارک کاظمی کے قاتلوں کو گرفتارکرکےسخت سزا دی جائے، الطاف حسین

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں معروف دانشور، مبلغ اور مذہبی اسکالرعلامہ طالب جوہری کے داماد مبارک رضا کاظمی کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ کراچی میں ایک مخصوص مکتبہ فکر کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی مسلسل وارداتیں اور قتل کی وارداتوں میں ملوث دہشت گرد عناصر کی عدم گرفتاری کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر ایک سوالیہ نشان ہے ، معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری کے داماد مبارک رضا کاظمی ، مخصوص طبقہ کے ڈاکٹرز، پروفیسرز اور دیگرپروفیشنلز کے قتل کی مسلسل وارداتیں اس بات کا کھلاثبوت ہیںکہ انتہاء پسند دہشت گرد دن دہاڑے مخصوص مسلک ، عقیدہ اور نظریات رکھنے والے افراد کو چن چن کر دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں اور ان سفاک دہشت گردوںکو گرفتارکرنے کے بجائے وفاقی اورصوبائی حکومتوںنے کراچی کے عوام کو سفاک دہشت گردوں اور قاتلوں کے رحم وکرم پر چھوڑرکھاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،پاکستان کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے مسلسل یہ رپورٹ دی جارہی ہے کہ وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود شہر میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے ، ٹارگٹ کلنگ،اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے اور سفاک قاتلوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے بجائے امن وامان کی بہتری کے کھوکھلے دعوے کیے جارہے ہیں ۔ الطاف حسین نے ارباب اختیار اور اقتدار سے مطالبہ کیا کہ مبارک رضا کاظمی شہیدکے سفاکانہ قتل کا فوری نوٹس لیا جائے ، قتل کی واردات میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے اور شہریوں کو بلاامتیاز وتفریق جان ومال کا مکمل تحفظ فراہم کیاجائے ۔ الطاف حسین نے علامہ طالب جوہری سمیت مبارک رضا کاظمی شہید کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مبارک رضاکاظمی شہید کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا کرے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔ (آمین)۔دریں اثنا ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے سید مبارک رضاکاظمی ایڈوکیٹ کے قتل پر سخت ترین الفا ظ میںمذمت کی ہے اور کہا کہ یہ واقعہ شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ کو ہوا دینے کے مترادف ہے ۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تعلیم یافتہ افراد کومسلسل دہشت گردی کانشانابنایا جارہاہے،رابطہ کمیٹی نے جاں بحق ہونے والے سید مبارک رضا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی اظہار کر تے ہوئے انہیںصبر کی تلقین کی۔ رابطہ کمیٹی نے گور نر سندھ عشرت العباد،وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور وزیر داخلہ سے اس واقعہ فوری نوٹس لینے اور قاتلوںکی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں :