23 جولائی ، 2014
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اورنگی ٹائون ، سرجانی ، کورنگی ، ڈیفنس کلفٹن اور ملیر میں ایم کیوایم کے متعدد ذمہ داران و کارکنان کے گھروں پر قانون نافذ کرنیو الے اداروں کے بلاجواز چھاپوں اورغیرقانونی گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کارکنان کے گھروں پر بلاجواز چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قانون نافذ کرنیو الے ادارے کے اہلکاروں نے اورنگی ٹائون سیکٹر یونٹ 118-Bکے کارکن جاوید ظہیرکو گزشتہ شب گرفتار کرلیا ۔کورنگی سیکٹر یونٹ 74کے یونٹ انچارج کاشف وصی اور عرفان فخرو بٹ ، سعید ولد عبد الحکیم کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کے گھروںسے گرفتار کیا ۔ جبکہ ڈیفنس کلفٹن سیکٹر پی این ٹی کالونی کے ایڈ ھاک یونٹ انچارج ندیم شیخ، کمال پاشا ولد جما ل الدین اور فہد ولد محمد احمد ، ملیر سیکٹر یونٹ 101کے کارکن راحیل ولد ولی کوقانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار گرفتار کرکے لے گئے ۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہاکہ کارکنان کو بلاجواز گرفتار کرنے کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ایم کیوایم کے کئی ذمہ داران و کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جن کی گرفتاریاں عمل نہیں آسکیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب ملک کی مسلح افواج انتہاء پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے اور ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات کیلئے کوشاں ہے ایسے وقت میں ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کے گھروں پرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے بلاجواز چھاپے اور گرفتاریوں کا عمل ہرگز ملک و قوم کے مفاد میں قرار نہیں دیاجاسکتا ہے ،ایم کیوایم تو خود پاک فوج کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنا بھر پور تعاون پیش کرتی رہی ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک منظم سازشی منصوبے کے تحت ایم کیوایم کو ملک کے دفاع اور استحکام کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرنے سے روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدرممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور کور کمانڈر کراچی جنرل سجاد غنی سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کے گھروں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے چھاپوں اور غیر قانونی گرفتاریوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے، گرفتار ذمہ داران وکارکنان کو فی الفور رہاکیاجائے۔ دریں اثنا رکن رابطہ کمیٹی اسلم آفریدی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی جریدے نیو ز ویک کی جانب سے الطاف حسین کو The Right Manقرار دینا اس بات کی دلیل ہے کہ وہ ایک سچے کھرے محب وطن سیاستدان ہیں ۔ یہ بات انہوںنے کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے زیراہتمام کیماڑی سیکٹر میں معززین کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ اور کے ایم او سی کے انچارج فرخ اعظم اور اراکین بھی موجود تھے ۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ الطاف حسین نے خدمت خلق فائونڈیشن جیسا فلاحی ادارہ بنا کر عملی طور پر سیاست برائے خدمت کو متعارف کرایا ہے اور یہ ادارہ غرباء ، مساکین اور مستحقین کی جس طرح بلاتفریق خدمت کررہا ہے ۔ افطار ڈنر کے شرکاء سے حق پرست رکن سندھ اسمبلی کامران اختر نے بھی خطاب کیا ۔