پاکستان
25 جولائی ، 2014

نمائش نہیں کے کے ایف پورے سال امداد کرتی ہے، خالد مقبول

نمائش نہیں کے کے ایف پورے سال امداد کرتی ہے، خالد مقبول

کراچی.....متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ خدمت خلق فائونڈیشن نے کبھی بھی رنگ و نسل کی تفریق نہیں کی ہے جس نیت اور بنیاد پر خدمت خلق فائونڈیشن کھڑا ہے اگر پاکستان کھڑا ہوگیا تو ترقی و خوشحالی، استحکام ، سالمیت ، وقار اورکھویا ہوا مقام حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز ایکسپو سینٹر میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں خدمت خلق فائونڈیشن کے زیراہتمام منعقد ہونے والے سالانہ امدادی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ امدادی پروگرام میں مستحقین میں کروڑوں روپے مالیت کا امدادی سامان اور نقد رقوم ان کی عزت نفس مجرو ح کئے بغیر تقسیم کی گئیں ۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم پھر ایکسپو سینٹر میں برسہا برس کی اپنی روایت کی پاسبانی کرتے ہوئے شہر کراچی میں اپنے ایک فرض کو پورا کرنے کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں ۔ شہر کراچی ملت اسلامیہ کا سب سے بڑا اور ایک ایسا شہر ہے کہ شایددنیا میں دینے والے ہاتھ کسی ایک شہر میںاتنے نہیں ہونگے جتنے کراچی میں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ شہر زندہ رہنا جانتا ہے اور صرف زندہ دل ہی نہیں بلکہ لوگوں کو زندہ رکھنے والا دل ہے ۔انہوں نے کہا کہ امدادی پروگرا میں امدادی سرگرمیوں کی نمائش نہیں کی جارہی ہے کے کے ایف پورے سال جو امداد کرتی ہے آج کاامدادی پروگرام سال بھر کی امداد کا 5فیصد بھی نہیں بنتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کو صاف کرکے ایسا کیاجائے کہ اقتدار عام پاکستانیوں تک پہنچے اس کے لئے جس طرح کے کردار ، ویژن اور دانش کی ضرورت ہے اس کا اظہار الطاف حسین کرتے آئے ہیں۔رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ کے کے ایف رضاکار الطاف حسین کے ویژن کو عملی جامع پہنانے کیلئے آج ایکسپو سینٹر میں جمع ہوئے ہیں اور اس کا مقصد پاکستان کے عوام کو بااختیار بنانا، پیروں پر کھڑاکرنا اور معاشی طورمستحکم کرنا ہے ۔ ایم کیوایم اپنا حصہ ڈال رہی ہے اور آج ایکسپو سینٹر میں بہت بڑا مدادی پروگرام منعقد کررہی ہے ۔ پاکستان کو آزاد اور خود مختار بنانا ہے تو ا سکے عوام کو آزاد اور خود مختار بنانا ہوگالیکن افسوس کہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کے ہاتھوں کو دنیا بھر میں دینے کے بجائے لینے والے ہاتھ بنادیئے گئے ہیں ۔ خدمت خلق فائونڈیشن کے ٹرسٹی ڈاکٹر وقار کاظمی نے کہا کہ خدمت خلق فائونڈیشن ایسا ادارہ ہے جو سماجی بہبود کیلئے بہت کام کررہا ہے ا س ادارے نے اندرون سندھ حیدرآباد میں وینٹی لیٹر کی کمی کو محسوس کیا اور وہاں وینٹی لیٹر کی انتہائی سستی سہولت فراہم کی ۔ اس موقع پر حق پرست اراکین سینیٹ ، قومی و صوبائی اسمبلی ، پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر بہادرڈاہری ،ڈاکٹرسراب سرکی،مسلم لیگ فیکشنل کے کامران ٹیسوری،مسلم لیگ(ق) کے رہنما حلیم عادل شیخ،سینئرصحافیوں مدثرمرزا،مقصودیوسفی ،آغامسعود، مریم چوہدری، اعجاز فاروقی،احمد شاہ، شمیم احمد فرپو،بشپ صادق ڈینل سمیت سماجی شخصیات ،تاجروں،صنعتکاروں، میڈیا سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات وعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

مزید خبریں :