پاکستان
26 جولائی ، 2014

سمجھوتہ ایکسپریس دھماکاکیس : سماعت میں تاخیر پرپاکستان کی تشویش

کراچی … محمدرفیق مانگٹ...... بھارتی اخبار’’دی ہندو‘‘ کے مطابق پاکستان نے بھارت پر واضح کیا کہ ممبئی حملوں کے مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں اور ہم عدالتوں پر دباؤ نہیں ڈال سکتے ۔ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اس پر ایگزیکٹو کا کوئی کنٹرول نہیں۔پاکستان کو سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے کے مقدمات کی سماعت میں تاخیر پر گہری تشویش ہے ۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے واضح کہا ہے کہ 26 نومبر کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے مقدمے کی سماعت عدالتی معاملہ ہے اور مقدمے کی سماعت کے التواء کے معاملے پر حکومت کچھ نہیں کرسکتی اس کے ساتھ ہی پاکستان نے بھارت میں سمجھوتہ ایکسپریس دھماکوں کے مقدمے کی سماعت میں تاخیر پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ پاکستان میں جاری ممبئی حملوں کے مقدمات کی سماعت کے ملتوی کرنے پر نئی دہلی میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔ بھارتی اخبار کے ساتھ خصوصی بات چیت میں پاکستان ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارتی حکومت کو بتایا کہ ہم اس سلسلے میں کچھ نہیں کرسکتے۔پاکستان ہائی کمیشن کے ترجمان منظور علی میمن نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے۔ ایگزیکٹو کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہمارا کا م ثبوت پیش کرنا اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرنا ہے ہم عدلیہ پر دباؤ نہیں ڈال سکتے۔وہ ایک آزاد ادارہ ہے اور وہ اپنے وقت کا تعین خود کرتا ہے۔پاکستان نے 2007کے سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکوں کے مقدمے کی سماعت پر بھی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا،سمجھوتہ ایکسپریس میں68افراد ہلاک ہو ئے جن میں زیادہ تر پاکستانی تھے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے کے متاثرہ خاندانوںسنگین واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔اسی بات کا اعادہ پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی کمشنر گوپال باگلے سے کیا گیا۔پاکستان کی امور خارجہ کی وزارت کی ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا اور سارک) نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایا کہ ممبئی مقدمے کی سماعت قانونی راستے پر ہے اور اس کے جلد تکمیل کی کوشش کرر ہے ہیں۔

مزید خبریں :