15 اپریل ، 2012
اسلام آباد…صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو سرائیکی بنک کے قیام کی ہدایت کی ہے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر نے یہ بات ملتان میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ وہ حکومت کو ہدایت کریں گے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لئے ایک علیحدہ سرائیکی بینک کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انھوں نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تاجر اور سرمایہ کار ایک ہفتہ اندر اندر اس سلسلہ میں اپنی تجاویز جمع کرائیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ سرائیکی بنک جنوبی پنجاب کے تاجروں کے معاشی مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں بینکوں کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا لیکن موجود ہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ بینکوں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال نہ کیا جاسکے۔