15 اپریل ، 2012
کابل… افغانستان کے مختلف شہروں میں طالبان نے حملہ کر دیا۔ کابل میں پارلیمنٹ کی عمارت اور سفارت خانے بھی نشانے پر ، ایک ہوٹل پر قبضہ کرکے آگ لگا دی۔ جلال آباد ایئر پورٹ پر دو خودکش دھماکے، لوگراور گردیز میں بھی حکومتی عمارتوں پر حملے کئے گئے۔مختلف مقامات پر فورسز اور حملہ آوروں میں مقابلہ جاری ہے۔ دارلحکومت کابل میں تین مقامات پرحملے کئے گئے جن میں شہر کے وسط میں واقع سفارتی ریڈ زون، مغرب میں پارلیمان کی عمارت اور جنوب میں ڈسٹرکٹ نائن پر شامل ہیں۔ حملہ آوروں نے برطانوی سفارت کاروں کے زیر استعمال ایک گھر پر راکٹ حملہ کیا۔ اسکے علاوہ دو راکٹ برطانوی سفارت خانے کے حفاظتی ٹاور سے ٹکرائے جبکہ تین ایک سپر مارکٹ پر گرے۔ کابل کے مغرب میں واقع پارلیمان کی عمارت پر بھی حملہ کیا گیا۔ افغان پولیس کے مطابق شدت پسندوں کی پارلیمنٹ میں گھسنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ صدارتی محل اور ایرانی سفارت خانے کے نزدیک ایک ہوٹل پر بھی شدت پسندوں نے دھاوا بولا۔ اس کے علاوہ افغان صوبوں پکتیا اور لوگر میں بھی شدت پسندوں نے حملے کئے۔اْدھر جلال آباد کے ایئرپورٹ میں خود کش حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔