28 جولائی ، 2014
لندن…روپولیٹن پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی پولیس ضمانت میں دسمبر2014ء تک کی توسیع کردی ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس نے اس بارے میں الطا ف حسین کوان کے وکلاء کے ذریعے آگاہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ الطاف حسین کو31جولائی کوانٹرویوکیلئے پیش ہوناتھا۔ الطاف حسین نے اس خبرپر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ خودان کوبھی اندازہ تھاکہ ان کی پولیس ضمانت کی تاریخ میں توسیع کردی جائے گی اوریہ پیش رفت برطانوی قانون کے مطابق معمول کاحصہ ہے۔انہوںنے پاکستان سمیت پوری دنیامیں پھیلے ہوئے اپنے کارکنوں،چاہنے والوں اورہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پوری قانونی کارروائی کے دوران مکمل صبروتحمل کامظاہرہ کریں، ایم کیوایم کی پالیسیاں عالمی اقدارسے مکمل مناسبت رکھتی ہیں،اور یہ حقیقی معنوں میں ایک قومی جمہوری جماعت اور پاکستان کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے جو ملک میں حقیقی جمہوری نظام رائج کرناچاہتی ہے اور اس فرسودہ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ کرناچاہتی ہے جس نے ملک میں صحیح جمہوریت کوپنپنے اورعوام کے سچے نمائندوں کواقتدارمیں آنے سے روک رکھاہے۔ ایم کیوایم ملک میں سچا منصفانہ نظام قائم کرکے عوام کوزبان ،رنگ ، نسل ، مذہب ، جنس ،عقیدہ اورفرقہ کے تعصب کے بغیران کے جائزحقوق فراہم کرنااور ملک سے مذہبی انتہاپسندی کاخاتمہ کرکے پاکستان میں مذہبی رواداری اورجمہوریت کوفروغ دیناچاہتی ہے۔