30 جولائی ، 2014
غزہ......غزہ میں اسرائیلی درندگی کا سلسلہ 23 ویں دن میں داخل ہو گیا ۔آج صبح سویرے حملے میں 2 بچیوں سمیت 7 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا ۔اس طرح جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 1237 ہو گئی ہے۔گولہ باری سے غزہ کا واحد بجلی گھر بھی بند ہوگیا ہے۔غزہ پر اسرائیلی جارحیت تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔آج صبح سویرے دو حملوں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد اور ایک معزور بچی سمیت 7 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا ۔جبالیہ پر حملے میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے ۔جن میں زیادہ تر تعداد بچوں کی تھی ۔فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق اب تک 7 ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں۔اسرائیلی طیاروں نے مقبوضہ علاقے میں بجلی فراہم کرنے والے اکلوتے بجلی گھر پر بھی حملہ کر کے اسے تباہ کر دیا۔جس کے بعد غزہ کو بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے ۔خدشہ ہے کہ غزہ کے رہائشیوں علاقوں کو اب ایک سال تک بجلی کی فراہمی نہیں ہوسکے گی۔اس پاور پلانٹ سے غزہ کی دو تہائی توانائی کی ضروریات پوری ہوتی تھیں۔اسرائیل نے غزہ میں حماس کے ترجمان ٹی وی چینل الاقصیٰ اور ریڈیو چینل کی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا۔حماس کی جوابی کارروائی میں اب تک 53 فوجیوں سمیت مرنے والے اسرائیلیوں کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ 72 گھنٹوں تک کی جنگ بندی کے لیے حماس اور اسلامک جہاد سے بات چیت کررہی ہے۔