31 جولائی ، 2014
ڈیلس ......راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی....... امریکن مسلم الائنز سائوتھ ویسٹ ریجن کے چیئرمین‘ ممتاز مسلم رہنماء‘ سابق پاکستانی سفیر سید احمد احسانی آج ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن کے ایک مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کچھہ عرصہ سے بیمار تھے۔ مرحوم کی عمر 85 برس تھی، انہوں نے سوگواروں میں 2 بیٹے‘ ایک بیٹی اور بیوہ چھوڑی ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ جمعے کے یکم اگست کو مسجد ابراہیمی بعد نماز جمعہ فورٹ ورتھ میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین جثوا فورٹ ورتھ کے قبرستان میں کی جائے گی۔ مرحوم ارجنٹینا‘ ترکی‘ برازیل سمیت کئی ممالک میں پاکستان کے سفیر رہے، وہ مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کے ذاتی دوستوں میں شمار کئے جاتے تھے۔ مرحوم امریکہ ے تعلیمی ادارے میں اسلامک ہسٹری کا مضمون پڑھاتے تھے۔ انہوں نے فارن سروسز 1952ء میں جوائن کی جبکہ 1966ء سے 1970ء تک بحیثیت ڈائریکٹر افغانستان‘ ایران‘ ترکی‘ آر سی ڈی اور سنیٹو ڈیسک فارن سروسز میں خدمات سرانجام دیں۔ یہ 1988ء میں فارن سروسز سے ریٹائر ہو کر امریکا آئے اور یونیورسٹی آف ٹیکساس آرلنگٹن میں مختلف مضامین پڑھاتے رہے۔ 1995ء میں انہوں نے بحیثیت مسلم امریکن الائنز کے سائوتھ ویسٹ کے چیئرمین رہے اور 2000ء میں یہ ڈیموکریٹک پارٹی کیلئے بحیثیت مندوب منتخب ہوئے جبکہ انہوں نے بحیثیت الیکشن جج بھی اپنی خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے 1991ء میں لاہور میں انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کی جو کہ اسلامک اسپین سے متعلق تھی۔ ان کے مقالے امریکہ کے جنرل آف سوشل سائنسز میں اور دیگر کئی معتبر جگہوں پر شائع ہوئے۔ ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی امریکن مسلم ڈیموکریٹک کاکس امریکہ کے صدر سید فیاض حسن‘ آفتاب صدیقی‘ معظم سید‘ ڈاکٹر بشیر احمد‘ سائوتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے ڈائریکٹر راجہ زاہد اختر خانزادہ اسپتال پہنچے جہاں پر انہوں نے ان کے صاحبزادے فرحان علی سید سے تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔