08 اگست ، 2014
لندن.....متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پنجاب کے شہر بھکر میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے پاکستان عوامی تحریک کے کارکن کے جاں بحق ہونے اور متعدد کارکنوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ بھکر سے آنے والے پر امن قافلوں پر پولیس تشدد اور فائرنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے ایک بارپھر حکومت سے کہاکہ ریاستی طاقت کے استعمال سے ہرقیمت پر گریز کیاجائے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر حکومت اور اپوزیشن کی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنااحتجاج ضرور کریں لیکن جہاںبھی کریں آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پر امن طریقہ سے کریں اور انسانی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچانے سے ہر ممکنہ اجتناب کریں۔ الطاف حسین نے بھکرمیں کارکن کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے کارکن کی مغفرت فرمائے، انہیں اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مرتبہ عطا کرے، مرحوم کے سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی دے۔آمین۔دریں اثنا الطاف حسین نے نامعلوم مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں لیاقت آبا د سیکٹر یونٹ 158کے کارکن محمد آصف ولد محمد اسحاق کی المناک شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ الطاف حسین نے محمد آصف شہید کے اہل خانہ اور تمام سوگواران سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت تمام کارکنان غم کی اس گھڑی میں سوگوار لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ، اللہ تعالیٰ محمد آصف شہید کے درجات بلند کر کے انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے ۔علاوہ ازیںایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے لیاقت آباد بلوچ ہوٹل کے قریب نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں محمد آصف کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ،اورکہا کہ دہشتگرد بیگنا ہ کارکنا ن کو نشا نہ بنا کر حق پرستی کے نظریے کو ملک کے محروم و مظلوم عوام تک پہنچنے سے روکنا چاہتے ہیں لیکن حق پرستی کی تحریک کے پر عزم کا رکنان کو اس قسم کی بذدلانہ کار روائیوں سے حراساں نہیں کیا جاسکتا ۔ رابطہ کمیٹی نے محمد آصف شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کر نے کی ہمت دے ۔