10 اگست ، 2014
اسلام آباد.....سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ انہیں حکومت چھوڑے چھ سال ہوگئے، اس دوران ملک وہیں کا وہیں کھڑا ہے جہاں وہ چھوڑ کر گئے تھے ، پارٹی کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب میں ان کاکہنا تھاکہ اگر حکومت مسائل حل نہیں کرسکتی تو مستعفی ہوجائے۔سابق صدر نے کہا کہ عوام کو نوکریاں نہیں مل رہی، غربت بڑھ رہی ہے،ملک میں کوئی ترقی نہیں ہورہی،گزشتہ 6 سال سے عوام مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور اب جولاہورمیں ہورہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہمجھے بھاگنے کی کوئی ضرورت نہیں، اگرباہرگیا بھی توآپ لوگوں کے پاس واپس آؤں گا،مجھے باہرصرف بیماروالدہ سے ملنے جانا ہے، پاکستان کو چھوڑ کر کہاجانا ہے، یہی جینا اور یہی مرنا ہے۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف جھوٹے اوربے بنیاد کیسز درج ہیں۔اس سے قبل کنونشن میںسابق صدر پرویز مشرف کو پارٹی کا چیئرمین مقررکیا گیا۔