11 اگست ، 2014
کراچی.........اعظم علی.........سابق الیکشن کمشنر آف پاکستان فخر الدین جی ابراہیم کو نا سازی طبع کے باعث اچانک مقامی نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔فخرالدین جی ابراہیم کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا جس کی وجہ سے ان کو پہلے وہیل چیئر پر اور پھر اسٹریچر پر اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیاجہاں ڈاکٹروں نے ان کے سانس کو ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد کے ذریعے بحال کرنے کے اقدامات کیئے ۔ڈاکٹروں کی دوسری ٹیم نے فخر الدین جی ابراہیم کےمختلف اقسام کے 18ٹیسٹ کیے جن میں سینے کا ایکسرے، خون کے مختلف ٹیسٹ، ای سی جی اور دل کے عارضے سے متعلق ٹیسٹ شامل ہیں۔اسی دوران فخرالدین جی ابراہیم کے فیملی ڈاکٹر بھی اسپتال پہنچ گئے جو انہیں دوسرے اسپتال منتقل کرنا چاہ رہے تھے۔بروقت طبی امداد سے فخرالدین جی ابراہیم کی طبیعت بتدریج بہتر ہورہی ہے۔ طبی امداد کے دوران ڈاکٹر ان سے کسی بھی قسم کے ذہنی دباؤ کے حوالے سے مختلف انداز سے سوال کرتے رہے۔