12 اگست ، 2014
کراچی......پاکستان کے عوام کی واضح اکثریت جمہوری نظام کو ہی ملک کے لیے بہترین خیال کرتی ہے اور 63 فیصد عوام کا خیال ہے کہ 2013 میں ہونے والے انتخابات شفاف تھے۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرینسی کی جانب سے کرائے گئے سروے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے 67 فیصد افراد کی رائے ہے کہ جمہوری طور پر منتخب حکومتیں ہی ملک کے لیے بہترین ہوتی ہیں جب کہ صرف 19 فیصد افراد نے فوجی حکومت کے حق میں رائے دی۔مقبولیت کے لحاظ سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سر فہرست ہیں۔ 57 فیصد افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا۔ 53 فیصد افراد نے وزیراعظم نواز شریف کے حق میں رائے دی جب کہ 52 فیصد افراد نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بہت اچھا لیڈر قرار دیا۔جن رہنماؤں کے بارے میں منفی خیالات کا اظہار کیا گیا ان میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری سرفہرست رہے۔ 72 فیصد افراد نے طاہرالقادری کو برا لیڈر قرار دیا جب کہ 21 فیصد افراد نے ان کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا،نامقبولیت میں دوسرے نمبر پر سابق صدر پرویز مشرف رہے جن کے بارے میں 62 فیصد افراد نے منفی رائے کا اظہار کیا۔2013 کے انتخابات کے بارے میں بھی سروے میں رائے طلب کی گئی۔62 فیصد افراد کا خیال تھا کہ 2013 کے انتخابات کسی حد تک یا مکمل شفاف تھے جب کہ 33 فیصد کا خیال تھا کہ انتخابات میںکسی حد تک یا مکمل دھاندلی ہوئی۔85 فیصد افراد نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی کے لیے اصلاحات کو ضروری قرار دیا۔16 جولائی سے 6 اگست تک کرائے گئے سروے میں چاروں صوبوں کے دیہی اور شہری علاقوں سے 3065 افراد کی رائے لی گئی۔