پاکستان
14 اگست ، 2014

پاکستان لاکھوں قیمتی جانوں کی قربانی کا نتیجہ ہے ، الطاف حسین

پاکستان لاکھوں قیمتی جانوں کی قربانی کا نتیجہ ہے ، الطاف حسین

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تمام اہل وطن کو پاکستان کے 67ویں یو م آزادی کی دلی مبارک باد پیش کی ہے ۔یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں الطاف حسین نے کہاکہ آزادی اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے اور خدا کی نعمتوں کی ناشکری کرنے والی قومیں تاریخ کے صفحات سے ہمیشہ کے لئے مٹ جاتی ہیں اور آئندہ نسلوں کے لئے عبرت کا سامان بن جاتی ہیں، پاکستان لاکھوں قیمتی جانوں کی قربانیاں دینے کے بعد آزاد ملک کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا ہے، ماضی کے حکمرانوں کی انا پرستی،ظلم و ناانصافی کے سبب 1971 ء میں پاکستان دولخت ہوچکا ہے اور ملک دشمن قوتیں ،باقیماندہ پاکستان کی بقاء وسلامتی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں لہٰذا ایک ایک محب وطن پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ آزادی کی انمول نعمت کی قدرکرے اور پاکستان کی بقاء وسلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا بھرپورکردارادا کرے ۔ الطاف حسین نے کہا کہ تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے 67ویں یوم آزادی کے موقع پرعہد کریں کہ محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے ہم سب ملک سے مذہبی انتہا ء پسندی ، دہشت گردی ، بے روزگاری ، غربت ، فرسودہ جاگیردارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر اورموروثی سیاست کے خاتمے ، پاکستان کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگربانیان پاکستان کی تعلیمات کی روشنی میں لبرل، جمہوری ، روشن خیال اور ترقی پسند فلاحی ریاست بنانے کیلئے اپنا بھرپورکردارادا کریں گے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ ملک میں مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورجمہوری روایات کوفروغ دیکر ہی پاکستان کو مضبوط ومستحکم ریاست بنایاجاسکتا ہے جہاں غیرمسلم پاکستانیوں سمیت تمام شہریوں کو برابری کی بنیاد پرزندہ رہنے ، زندگی گزارنے اور اپنے اپنے عقیدے اور مذہب کے مطابق عبادت کرنے کی آزادی حاصل ہو۔

مزید خبریں :