14 اگست ، 2014
کراچی.......پاکستان کے 67ویں یوم آزادی کے موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتما م جمعرات کی صبح الطاف حسین کی رہائشگاہ ’’نائن زیرو ‘‘ پر پرچم کشائی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر نصرت نے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے قومی پرچم لہرا کر تقریب کا آغا ز کیا اور تمام اہل وطن کو یو م آزادی کی مبارک باد پیش کی ۔پرچم کشائی کی تقریب میں اراکین رابطہ کمیٹی احمد سلیم صدیقی ، کہف الوریٰ، عارف خان ایڈو کیٹ ، گلفراز خان خٹک ، توصیف خا نزادہ ، آنسہ ممتاز انوار، حق پرست اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی ، ایم کیو ایم کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران ، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پرچم کشائی کی تقریب کے شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز سے انتہا ء پسندی، اندرونی اختلافات ، معاشی ، سیاسی بحرانوں کا خاتمہ فرمائے ،ملک میں بسنے والے تما م طبقات ، مسالک ، برادریوں،قومیتوں کے درمیان اتحاد و اتفاق قائم کرے، پا ک سر زمین پر بسنے والے تمام افراد کی پریشانیوں ، مشکلات کو حل فرمائے اور ملک کے قبائلی علاقوں میں مسلح افواج کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ’ضرب عضب ‘‘میں مسلح افواج کو کامیابی سے ہمکنار کرے جبکہ ضرب عضب کے دوران دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیداران اور جوانوں سمیت دہشتگردی کے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے معصوم و بیگنا ہ شہریوں کے درجات کی بلندی کے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی اور میٹھائی تقسیم کی ۔