15 اگست ، 2014
کوئٹہ ........کوئٹہ میں ایئربیس اور ایوی ایشن بیس پر دہشت گردوں کے حملے ناکام بنادیے گئے۔دونوں واقعات میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 12ہوگئی۔کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی اطلاع شہریوں نے دی، آرمی چیف کی ہدایت پر یہ کامیابی شہریوں کے نام کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں رات گئے دو فضائی اڈے دہشت گردی کےناکام حملوں کے بعد کلیئر کردیے گئے ہیں،سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 12دہشت گرد مارے گئے۔کوئٹہ کے نواح میں واقع خالد ایوی ایشن ائربیس اور سمنگلی ائر بیس پرجمعرات کو رات گئے دس دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور وں سمیت دہشت گردوں کے ایک گروپ نے خالد ائربیس اور دوسرے نے سمنگلی ایئربیس میں داخل ہونے کی کوشش کی،تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دونوں فضائی اڈوں پر حملے ناکام بنادیئے اور تمام دہشت گرد مارے گئے۔ آئی جی پولیس محمد عملیش نےبتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں خالد بیس پر کیپٹن سمیت 7سیکیورٹی اہلکار اور سمنگلی بیس پر 4اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ منتقل کیاگیا، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، اس کے علاوہ ایک مشتبہ شخص سمیت 3دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بتایا کہ سمنگلی ائربیس پر ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے11راکٹ ،10فاسفورس بم، 50کلو وزنی دیسی ساختہ بم، دو ٹائم ڈیوائسز اور 7دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ دو خود کش جیکٹیں بھی ناکارہ بنادی گئیں۔دوسری جانب کوئٹہ ایئرپورٹ کے اسٹیشن منیجر نے وضاحت کی ہے کہ ایئرپورٹ پر کمرشل فلائٹس آپریشن معطل نہیں کیاگیا۔