پاکستان
15 اگست ، 2014

پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ کے اکھاڑے میں دنگل ہوتے ہوتے رہ گیا

پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ کے اکھاڑے میں دنگل ہوتے ہوتے رہ گیا

گجرانوالہ........گجرانوالہ میں مسلم لیگ ن اور آزادی مارچ کے شرکا میں تصادم سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔ کہیں ڈنڈے چلے تو کہیں پتھر برسے، پتھراؤ سے عمران خان کا کنٹینر بھی محفوظ نہ رہا۔ پتھراؤ کے ملزم سلمان عرف پومی بٹ نے 7 لیگی کارکنوں کے ساتھ گرفتاری پیش کردی ہے۔گجرانوالہ میں جی ٹی روڈ میدان جنگ بن گئی۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے حامی آپس میں لڑپڑے۔پتھراؤ،ہاتھاپائی اور ڈنڈوں کے استعمال سے کئی افراد زخمی ہوئے۔گجرانوالہ میںشیخوپورہ موڑ پربس اسٹاپ کے قریب نوازلیگ کے کارکن جمع تھے۔ تحریک انصاف کے کارکن وہاں پہنچے تو ایک دوسرے کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے جس سے کشیدگی پیدا ہوگئی۔تصادم میں گلوبٹ کی طرح ایم پی اے عمران خالد بٹ کے بڑے بھائی سلمان عرف پومی بٹ کا نام بھی آیا۔تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ لیگی کارکنوں کو تصادم پر اکسانے میں پومی بٹ پیش پیش رہا۔تاہم پومی بٹ کا کہنا ہے کہ وہ لیگی کارکنوں کو روکتا رہا لیکن تحریک انصاف کی جانب سے اشتعال انگیزنعروں پر لیگی کارکن آپے سے باہر ہوگئے جنہیں سمجھانا مشکل ہوگیا۔ پولیس بیچ بچاؤ کی کوشش کرتی رہی لیکن کوئی سننے کے لیے تیار نہیں تھا۔تناؤ بڑھا اورنوبت پتھراؤ اور ہاتھاپائی تک جاپہنچی۔اس موقع پر پولیس بھی حرکت میں آگئی۔ اپنا ڈنڈا چلایا ۔ جو ہاتھ آیا سرکاری مہمان بنتا گیا۔ اس واقعے سے پیدا ہونے والی کشیدگی برقرار ہے جس نے حکومت اور عمران خان دونوں کو آزمائش میں ڈال دیا ہے ۔ ادھر سلمان عرف پومی بٹ اپنے 7 لیگی کارکنوں کے ساتھ تھانہ سبزی منڈی میں گرفتاری پیش کردی ہے۔ پولیس نے تحریک انصاف کے مارچ پر پتھراؤ کے الزام میں پومی بٹ سمیت گیارہ لیگی کارکنوں کیخلاف پتھراؤ کا مقدمہ درج کرلیا ہے

مزید خبریں :