15 اگست ، 2014
لندن.....متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ خلق خدا کی خدمت ، ایم کیوایم کانصب العین ہے اور ایم کیوایم دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنا بھرپورکردارادا کرتی رہے گی ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو ایم کیوایم پنجاب ہاؤس لاہور میں رابطہ کمیٹی کے ارکان ، لاہور زونل کمیٹی کے ارکان وکارکنان اورمیڈیکل ایڈ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پنجاب ہاؤس کے ذمہ داران نے الطاف حسین کو بتایا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں ایم کیوایم کا مثبت کردار پورے ملک بالخصوص صوبہ پنجاب میں موضوع بحث بنا ہوا ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام کی جانب سے پاکستان میں سیاسی بحران کے خاتمے، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور خلق خدا کی خدمت کے عملی مظاہرے پر ایم کیوایم اور آپ کے کردار کوقدرکی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ ملک بھر میں آج ایم کیوایم کے بارے میں جن مثبت خیالات کا اظہارکیاجارہا ہے اس کا سہرا تحریک کے ایک ایک پرعزم کارکن کے سر جاتاہے جنہوںنے اپنی گھریلومصروفیات ، آرام اورسکون ترک کرکے انسانیت کی خدمت کیلئے اپناہرممکن کردار ادا کیا۔ انہوں نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود یوم شہداء کے شرکاء کو کھانا، پانی ، دودھ اور مریضوں کو علاج ومعالجہ کی سہولیات کی فراہمی پر ایم کیوایم کے ذمہ داروں ، کارکنوں بالخصوص میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹروںاور پیرامیڈیکل اسٹاف کو دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کیا اور انہیں دعائیں دیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ، خلق خدا کی بلاامتیاز و تفریق عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ایم کیوایم ، سیاست برائے خدمت کے فلسفہ پر چلتے ہوئے عوام الناس کی ہرممکن مدد کررہی ہے ۔ الطاف حسین نے تمام ذمہ داروں اور کارکنوں پر زوردیا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں اور مظلوم عوام کی ہرممکن مدد کریں ۔دریں اثنا الطا ف حسین نے دہشت گردوںکے کوئٹہ میں سمنگلی ائیربیس اورخالدآرمی ایوی ایشن بیس پربیک وقت حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوران حملوں کو بد ترین کارروائی اور ملک کی سلامتی پر کھلا حملہ قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے باوجود دہشت گردوں کا سمنگلی ایئر بیس اور خالد آرمی ایو ی ایشن پر حملہ کرناکھلی دہشت گردی ہے اور یہ حملے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھنائونی سازش کا تسلسل ہیں ۔الطاف حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں سمنگلی ایئر بیس اور خالد آرمی ایوی ایشن پر ایک ساتھ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کے سر پرستوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور ملک بھر سے دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے مثبت اور ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔